پنجاب کے ضلع اوکاڑہ میں کانسٹیبل نے فائرنگ کرکے ایس ایچ او ستگھرہ کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔واقعہ کے بعد کانسٹیبل موقع سے فرار ہو گیا تھا، جس کے بعد پولیس نے اس کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی تھیں، جنہوں نے ملزم کانسٹیبل کو ڈرامائی انداز میں گرفتار کر لیا، ڈی پی او محمد راشد ہدایت نے بتایا کہ ملزم کو تفتیش کے لئے حوالات میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ایس پی انویسٹی گیشن ملک داد کی سربراہی میں ایک ٹیم واقعے کے اصل حقائق سامنے لانے کے لئے کام کر رہی ہے، ذرائع کے مطابق ایس ایچ او ستگھرہ کے پیٹ میں فائر لگنے کے بعد انہیں فوری طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈی پی او محمد راشد ہدایت نے خود جا کر عیادت کی اور ڈاکٹر سے طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
پولیس نے ملزم کانسٹیبل عبداللہ کے خلاف اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا جبکہ محکمانہ کارروائی بھی جاری ہے، پولیس کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد واقعہ کے اصل محرکات اور حقائق سامنے آئیں گے۔دورسری جانب خاوند نے بیوی کو قتل کردیا،واقعہ گائوں 8 ون اے ایل میں پیش آیا، ملزم نے واقعے کو خودکشی ظاہر کرنے کیلئے نعش چھت سے لٹکائی اور پولیس کو اطلاع دی۔ڈی پی او محمد راشد ہدایت نے نوٹس لیتے ہوئے سپیشل ٹیم تشکیل دی، پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دی اور ملزم یوسف کو حراست میں لے لیا۔ابتدائی تفتیش میں ملزم نے بیوی کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے دوسری شادی کے لالچ میں بیوی کو قتل کیا۔خیال رہے مقتولہ آسیہ بی بی آٹھ بچوں کی ماں تھی، گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی