ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چند ہی منٹوں میں چھینی گئی کار برآمد کر لی اور مغوی شہری کو باحفاظت بازیاب کروا لیا۔ایس ایس پی ویسٹ طارق الہی مستوئی کے مطابق یہ واقعہ تھانہ اجمیر نگری کی حدود کے قریب پیش آیا، جہاں ملزمان نے نہ صرف شہری سے کار چھینی بلکہ اسے اپنے ہمراہ اغوا کر کے بھی لے گئے۔ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا ہے کہ ملزمان نے مغوی کو سرجانی ٹان کے علاقے میں چھوڑا، جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر متحرک ہوگئی۔ایس ایچ او منگھوپیر اور ایس ایچ او سرجانی نے مشترکہ طور پر کار میں نصب ٹریکر کی مدد سے تعاقب کیا اور منگھوپیر کے علاقے سے گاڑی برآمد کر لی۔ کار کے مالک محمد رفیق نے پولیس کی اس تیز رفتار کارروائی کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات میں ملوث ملزمان تاحال مفرور ہیں جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی