حیدرآباد میں ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز لیاقت جسکانی ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق لیاقت جسکانی کو گاڑی چلاتے ہوئے دل کا دورہ پڑا، جس کے بعد ان کی کار بے قابو ہو کر حادثے کا شکار ہو گئی۔پولیس کے مطابق لیاقت جسکانی اپنی گاڑی میں اکیلے سفر کر رہے تھے، ڈی ایس پی کی گاڑی کو لطیف آباد12 نمبرپکوڑا اسٹاپ کے قریب حادثہ پیش آیا۔ڈی ایس پی لیاقت جسکانی کی لاش کو ضروری کارروائی کے لئے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا، حادثہ کس طرح ہوا یہ کہنا قبل از وقت ہے۔آئی جی سندھ، جاوید عالم اوڈھو نے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز حیدرآباد لیاقت جسکانی کے کار حادثے میں انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے اللہ تعالی سے دعا کی کہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبرِ جمیل دے۔ترجمان سندھ پولیس نے بتایا کہ آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی سے بھی لیاقت جسکانی کے انتقال پرتعزیت کا اظہار کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی