آئی ایس پی آر ونٹر انٹرن شپ پروگرام 12 جنوری سے ملک بھر میں بھرپور انداز میں جاری ہے۔ونٹر انٹرنشپ کے دوران تعلیمی سیشنز کے ساتھ مختلف آئو ٹ ڈور سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے، خیبرپختونخوا کی مختلف جامعات کے طلبہ و طالبات نے آئی ایس پی آر ونٹر انٹرنشپ کے دوران قلعہ بالاحصار پشاور کا دورہ کیا۔طلبا کے دورے کا مقصد نوجوانوں کو قومی سلامتی، تاریخ اور پاک فوج کے کردار سے آگاہ کرنا تھا، طلبا نے قلعہ بالاحصار کی تاریخی، دفاعی اورتہذیبی اہمیت کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔دورے کے دوران آئی جی ایف سی نارتھ کی طلبا کیساتھ خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا، آئی جی ایف سی نارتھ نے طلبا و طالبات کو خطہ کی سیکیورٹی صورتحال اور درپیش چیلنجز پر بریفنگ دی
آئی جی ایف سی نارتھ نے طلبہ کے سوالات کے تسلی بخش، تفصیلی اور مدلل جوابات دئیے۔شرکا نے یادگارِ شہدا پر پھول چڑھا کر وطن کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا، طلبا نے فرنٹیئر کور میوزیم کا دورہ کرکے ایف سی کی تاریخ اور قربانیوں سے آگاہی حاصل کی۔اس موقع پر طلبا کا کہنا تھا کہ قلعہ بالاحصار کے دورہ کے دوران تاریخ کو بہتر طریقے سے سمجھنے کا موقع ملا، اس تاریخی دورہ نے ہمیں ماضی سے سیکھنے اور تاریخ پر فخر کرنے کی ترغیب دی۔ شرکا نے فرنٹیئر کور کی خدمات کو سراہتے ہوئے مثبت اور قابل تحسین اقدام پر شکریہ ادا کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی