i پاکستان

احمد پور شرقیہ اور وزیر آباد میں ٹریفک حادثات، دوافراد جاں بحق، 4 افراد زخمیتازترین

February 06, 2026

احمد پور شرقیہ اور وزیر آباد میں ٹریفک کے دو الگ الگ حادثات میںدو افراد جاںبحق اور 4زخمی ہوگئے ۔ تفصیل کے مطابق احمدپور شرقیہ میں تیز رفتاری کے باعث 2 موٹر سائیکلوں میں تصادم کے نتیجے میں 14 سالہ سڑکا جان کی بازی ہار گیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ نواحی علاقے گھڑی کنڈی میں پیش آیا، 2 موٹر سائیکل پر 5 افراد سوار تھے، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ذرائع نے مزید بتایا کہ جاں بحق ہونے والے لڑکے کی شناخت محمد مکی کے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں رضا، احمد، عثمان اور حسنین شامل ہیں جنہیں ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دوسری جانب وزیرآباد میں تیز رفتار کار اور موٹرسائیکل میں تصادم سے معمر شخص جاں بحق ہوگیا۔حادثہ جامکے چٹھہ روڈ پر تیز رفتاری کے باعث ہوا، موٹر سائیکل سوار 65 سالہ معمر شخص سر پر چوٹیں آنے سے جاں بحق ہوا، حادثے کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں، جاں بحق شخص کی لاش کو ضروری کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت محمد اسحاق سکنہ منصوروالی کے نام سے ہوئی ہے، پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ذمہ دار کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی