i پاکستان

بھکر،سی سی ڈی پولیس پر حملے میں پولیس اہلکار زخمی، کم سن بچی جاں بحقتازترین

February 02, 2026

بھکر میں سی سی ڈی پولیس پر مسلح حملے کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ کم سن بچی جان بحق ہو گئی۔ سی سی ڈی ترجمان کے مطابق کمسن بچی کے قتل میں مطلوب اشتہاری ملزم کی گرفتاری کیلئے جانے والی سی سی ڈی پولیس ٹیم پر مسلح ملزمان نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں تین پولیس افسران شدید زخمی ہو گئے جبکہ فائرنگ کی زد میں آ کر کم سن بچی مہک زہرا جاں بحق ہو گئی۔ترجمان سی سی ڈی بھکر کے مطابق سی سی ڈی پولیس نے مخبر کی اطلاع پر اشتہاری ملزم افتخار پٹھان اور اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے ایک گھر پر چھاپہ مارا جہاں ملزمان نے پناہ لے رکھی تھی۔ چھاپے کے دوران ملزمان نے شدید مزاحمت کی اورفائرنگ شروع کر دی۔

فائرنگ کے نتیجے میں انسپکٹر عبدالستار کھچی (انچارج سی سی ڈی صدر سرکل)، ایس ایچ او سی سی ڈی بھکر انسپکٹر عثمان سلطان اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر مختیار حسین شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق پولیس کارروائی پر مشتعل ہو کر اشتہاری ملزم افتخار پٹھان نے اسی گھر میں موجود معصوم بچی مہک زہرا کو فائرنگ کر کے ناحق قتل کر دیا۔ان کا کہنا تھا کہ ملزم نے یہ قدم اس غصے میں اٹھایا کہ اہلِ خانہ نے اس کی موجودگی کی اطلاع پولیس کو کیوں دی۔واقعے کے بعد ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے، جبکہ پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ اشتہاری ملزم افتخار پٹھان اور اس کے ساتھیوں کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی