خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں تھانہ ڈومیل کی حدود میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے ڈومیل پولیس کی موبائل وین کو نشانہ بنایا تاہم پولیس کی بروقت اور جرات مندانہ کارروائی کے باعث حملہ ناکام بنا دیا گیا۔دوسری جانب تخریب کاری کی ایک اور کوشش ناکام بناتے ہوئے تھانہ بسیہ خیل کی حدود میں سلنڈر میں نصب 5 کلو وزنی بارودی مواد برآمد کرلیا گیا جبکہ میریان میں رابطہ پل کوبارودی مواد سے اڑادیا گیا ۔ پولیس حکام کے مطابق پہلا واقعہ کمپنی روڈ کے قریب پیش آیا جہاں ڈومیل پولیس موبائل وین معمول کے گشت پر تھی جب گھات لگائے دہشتگردوں نے پولیس وین پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران تقریبا بیس منٹ تک شدید جھڑپ جاری رہی جس کے نتیجے میں دو خوارج جہم واصل ہو گئے،جب کہ دہشتگرد ساتھیوں کی لاشیں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی پو اے پی سی، کوئیک رسپانس فورس اور ریپڈ رسپانس فورس کی نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران علاقے سے دو دہشتگردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں جنہیں قانونی کارروائی کیلئے کے جی این اسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی ممکنہ خطرے کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔ دوسری جانب میریان میں نامعلوم افراد نے رابطہ پل کوبارودی مواد سیاڑادیا، بارودی مواد پل کے نیچے نصب کیا گیا تھا۔ادھر بنوں میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تباہی کا ایک اور بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔پولیس کے مطابق تھانہ بسیہ خیل کی حدود میں ایک سلنڈر میں نصب 5 کلو وزنی بارودی مواد برآمد کیا گیا، جسے بم ڈسپوزل سکواڈ نے موقع پر پہنچ کر کامیابی سے ناکارہ بنا دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والا بارودی مواد بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے کے لیے نصب کیا گیا تھا تاہم بروقت کارروائی کے باعث دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔ ایک روز بھی بنوں کے تھانہ ڈومیل کی حدود میں عیدگاہ روڈ پر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک بڑے ممکنہ سانحے کو ناکام بنایا تھا۔ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ عیدگاہ کی دیوار کے ساتھ ایک مشکوک شے پڑی ہوئی ہے، جس پر فوری طور پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی