i پاکستان

بورڈ آف پیس کی بانی رکن بننے پر پاکستان کو مبارکبادپیشتازترین

January 28, 2026

بورڈ آف پیس کی جانب سے پاکستان کو بانی رکن بننے پر مبارکباد دی گئی ہے ۔بدھ کو سماجی رابطے کی سائٹ ایکس(سابقہ ٹوئٹر) پر بورڈ آف پیس کے آفیشل اکائو نٹ سے پاکستان کے نام جاری پیغام میں کہا گیا کہ بورڈ آف پیس پاکستان کو اپنی بڑھتی ہوئی بین الاقوامی تنظیم کا بانی رکن بننے پر خوش آمدید کہتا ہے۔واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 23 جنوری کو سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی رہنمائوں کے ساتھ بورڈ آف پیس کے چارٹر پر دستخط کر کے پاکستان کو اس بین الاقوامی تنظیم کا بانی رکن بنایا بورڈ آف پیس کے چارٹر پر دستخط کی تقریب ڈیووس میں ہونے والے عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس کے دوران منعقد ہوئی، جس میں 19 ممالک کے سربراہان اور سینئر حکام شریک تھے۔

اس تقریب میں پاکستان کے علاوہ ارجنٹینا، آرمینیا، آذربائیجان، بحرین، بلغاریہ، ہنگری، انڈونیشیا، اردن، قازقستان، کوسوو، منگولیا، مراکش، پیراگوئے، قطر، سعودی عرب، ترکیہ، متحدہ عرب امارات اور ازبکستان نے بھی شرکت کی۔تقریب میں مختلف ممالک کے سربراہان نے باری باری چارٹر پر دستخط کیے۔بورڈ آف پیس کا قیام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے ذریعے منظور کیا گیا ہے اور اس کا اصل مقصد غزہ کی تعمیر نو ہے، تاہم اب اس بورڈ کا دائرہ کار عالمی سطح پر امن قائم کرنے اور تنازعات حل کرنے تک پھیلایا جا رہا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی