قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف کے اعزاز میں وزیراعظم ہائوس میں پروقار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔وزیراعظم ہائو س پہنچنے پر محمد شہباز شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا، دونوں رہنمائوں کے درمیان مصافحہ اور خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا، تقریب کے آغاز پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے قازقستان کے صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے قازقستان کے صدر کو کابینہ ارکان کا تعارف کرایا، صدر قازقستان نے بھی اپنے وفد کو وزیراعظم شہباز شریف کا تعارف کرایا۔بعدازاں صدر قازقستان نے وزیراعظم ہاس کے احاطے میں یادگاری پودا بھی لگایا۔دریں اثنا نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف سے ملاقات کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے قاسم جومارت توکایووف کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور صدرِ مملکت، وزیراعظم، حکومت اور عوامِ پاکستان کی جانب سے نیک تمنائوں اور خیرسگالی کے پیغامات پہنچائے۔ملاقات کے دوران وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان اور قازقستان کے درمیان اعلی سطح سیاسی روابط میں تیزی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مثبت پیشرفت خوش آئند ہے۔ترجمان نے بتایا کہ ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور قازقستان سیاسی، معاشی اور عوامی سطح پر باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے مشترکہ طور پر کام کرتے رہیں گے۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک خطے میں پائیدار امن، استحکام اور ترقی کیلئے مل کر کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہیں، جبکہ باہمی تعاون کے فروغ سے نہ صرف دوطرفہ تعلقات مضبوط ہوں گے بلکہ علاقائی خوشحالی کو بھی تقویت ملے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی