i پاکستان

کراچی، خواتین ڈکیت نے خاتون خانہ کو بے ہوشی کا انجکشن لگا کر گھر کا صفایا کر دیاتازترین

January 26, 2026

کراچی میں خواتین ڈاکوئوں کے ساتھ مل کر ڈکیت گروپ نے خاتون خانہ کو بے ہوشی کا انجکشن لگا کر گھر کا صفایا کر دیا۔یہ واردات کورنگی غوث پاک روڈ پر واقع ایک گھر میں پیش آئی۔ ڈکیت گروپ تین ڈاکوئوں پر مشتمل تھا، جس میں دو خواتین بھی شامل تھیں۔ ڈکیت خواتین سامان فروخت کرنے کے بہانے گھر میں داخل ہوئیں۔زمان ٹاون تھانہ پولیس نے متاثرہ خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔مقدمہ کے متن میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ خاتون نے دستک پر دروازہ کھولا تو ایک خاتون سامان فروخت کرنے آئی تھی۔ مین نے خاتون کو اندر بلایا تو اس نے اپنی بیٹی کو فون کر کے مزید سامان لانے کا کہا۔خاتون کے مطابق ڈکیت عورت کی بیٹی کے ساتھ ایک لڑکا بھی زبردستی گھر میں داخل ہو گیا اور اس نے مجھے بے ہوشی کا انجکشن لگا دیا۔ تاہم اس دوران مزاحمت کرنے پر اس نے میرا سر دیوار سے مار دیا اور میں بے ہوش ہو گئی۔مقدمہ میں جو سامان لوٹا گیا اس کی تفصیل بھی درج ہے، جس کے مطابق ملزمان نے تجوری کھول کر 7 لاکھ روپے نکال لیے۔ اس کے علاوہ 15 پندرہ گرام کے دو سونے کے سیٹ، چار انگوٹھیاں اور موبائل فون بھی لوٹ کر لے گئے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی