i پاکستان

کراچی، رینجرز اور ایس آئی یو پولیس کا مشترکہ آپریشن، 3 بھتہ خور زخمی حالت میں گرفتارتازترین

February 02, 2026

کراچی میں رینجرز اور ایس آئی یو پولیس نے گارڈن کشتی مسجد کے قریب بھتہ خوروں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ترجمان رینجرز کے مطابق آپریشن کے دوران ملزمان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر فائرنگ کی جس پر جوابی کارروائی میں تینوں ملزمان زخمی ہو گئے اور انہیں گرفتار کر لیا گیا۔گرفتار ملزمان میں سید باسط حسین عرف شاہ رخ، عبدالصمد اور محمد طحہ عرف مایا شامل ہیں، ملزمان کا تعلق بھتہ مافیا کے سرغنہ وصی اللہ لاکھو، جمیل چھانگا اور عبدالصمد کاٹھیا واڑی گروپوں سے ہے۔

ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان بلڈرز، میڈیکل سٹورز، ریسٹورنٹس، کاسمیٹکس شاپس اور دیگر کاروباری افراد کی معلومات بھتہ مافیا کے سرغناں کو فراہم کرتے تھے جو دھمکیاں دے کر بھتہ وصول کرتے تھے۔ملزمان نیو کراچی میں واقع ایک گتہ فیکٹری، کاسمیٹکس شاپ اور ناظم آباد کے ایک ریسٹورنٹ سے بھتہ نہ ملنے پر فائرنگ کے واقعات میں بھی ملوث رہے ہیں، ان واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم سید باسط حسین عادی مجرم ہے جو اس سے قبل بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے جبکہ گرفتار ملزمان کیخلاف مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی