i پاکستان

ملک کے چاروں دارالحکومتوں کی فضا میں آلودگی بڑھ گئی، لاہور سرِ فہرستتازترین

December 10, 2025

ملک کے چاروں دارالحکومتوں کی فضا میں آلودگی بڑھ گئی ، عالمی ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق دنیا کے بڑے آلودہ شہروں میں 253 پارٹیکولیٹ میٹر کے ساتھ لاہور سرفہرست ہے۔اس کے علاوہ کوئٹہ میں 248، پشاور میں 243 اور کراچی میں پارٹیکولیٹ میٹر کی تعداد 236 رہی۔دوسری جانب پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف حصوں میں دھند کی شدت ہے،اور حدنگاہ متاثر ہونے پر موٹروے ایم ون پشاور سے برہان اور ایم فائیو ظاہر پیر سے شیر شاہ تک بند ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹرویز کی بندش کا مقصد عوام کے جان و مال کا تحفظ ہے، دھند میں لین کی خلاف ورزی خطرناک حادثات کا باعث ہوسکتی ہے، روڈ یوزرز لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کریں، شہری دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ دھند میں صبح 10 تا شام 6 تک محفوظ سفری اوقات ہیں، ڈرائیور حضرات فوگ لائٹس لازمی استعمال کریں، غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، آگے والی گاڑی سے محفوظ فاصلہ رکھیں، رہنمائی اور مدد کیلئے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔دریں اثنا محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مری، گلیات ، پنجاب ، خیبر پختونخوا ، بلوچستان اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔

لاہور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ ، گوجرانوالہ ، گجرات، جہلم ، ساہیوال ، ملتان،خانیوال،کوٹ ادو ، بہاولپور،رحیم یار خان، راجن پور ، پشاور، صوابی، مردان، چارسدہ ،نوشہرہ اورڈیرہ اسماعیل خان میں دھند متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ آزاد کشمیر میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی کا موسم خشک رہے گا جبکہ رات اور صبح کے اوقات میں سردی برقرار رہے گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 11.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، اور آج( جمعرات کو) کم سے کم درجہ حرارت 11 سے 13 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ۔محکمہ کے مطابق شہر میں مختلف سمتوں سے 5 سے 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے خشک ہوائیں چلیں گی، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران 25 سے 65 فیصد رہنے کا امکان ہے۔شہریوں کو محکمہ موسمیات کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رات اور صبح کے وقت سردی سے بچا ئوکیلئے مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی