i پاکستان

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش ہونے کی پیشگوئی، آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور پہلے نمبر پرتازترین

January 20, 2026

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں میں ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، چترال، سوات، دیر، کوہستان اور ایبٹ آباد میں بارش کا امکان ہے۔لاہور شہر میں سردی کی شدت برقرار ہے، صبح سویرے کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔ دنیا کے فضائی آلودگی کے اعتبار سے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور پہلے نمبر پر ہے، شہر میں مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 565 ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سینٹرل ریجن میں دھند ختم نہ ہوئی جس کے باعث موٹر ویز کو مختلف مقامات پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم۔2 لاہور سے کوٹ مومن تک دھند کے باعث بند ہے جب کہ موٹروے ایم۔3 فیض پور سے درخانہ تک اور موٹروے ایم۔4 پنڈی بھٹیاں سے خانیوال تک دھند کے سبب بند کر دی گئی ہے۔موٹروے پولیس کے مطابق لاہور۔سیالکوٹ موٹروے ایم۔11 بھی دھند کے باعث ٹریفک کے لیے بند ہے، قومی شاہراہ پر لاہور، پتوکی، اوکاڑہ اور ساہیوال کے علاقوں میں بھی دھند چھائی ہوئی ہے جبکہ چیچہ وطنی، اقبال نگر، میاں چنوں، خانیوال، ملتان اور بہاولپور میں بھی دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہو رہی ہے۔ترجمان کے مطابق موٹرویز کی بندش کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی