i پاکستان

ملک کے مختلف علاقو ں میں ٹریفک حادثات، 12 افراد جاں بحق، 13 زخمیتازترین

January 27, 2026

ملک کے مختلف علاقوں میں ٹریفک کے الگ الگ حادثات میں 12افراد جاںبحق افراد جاںبحق اور 13زخمی ہوگئے ۔تفصیل کے مطابق پاک ایران آر سی ڈی شاہراہ پر یک مچ کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا۔بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے یک مچ کے قریب دو گاڑیوں میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے، حادثے کی اطلاع پر پولیس کے اعلی حکام بھاری نفری سمیت اور امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔امدادی ٹیمیوں نے جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا، جہاں پر زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی، ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے گی، ضروری کارروائی کے بعد لاشوں کو ورثا کے سپرد کیا جائے گا۔ادھر پنجاب میں کامونکے میں تیز رفتار رکشہ کی ٹکر سے راہگیر جاں بحق ہوگیا۔جی ٹی روڈ سادھو کے قریب راہگیر سڑک کراس کرتے ہوئے مسافر رکشہ کی ٹکر سے شدید زخمی ہوگیا، راہگیر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔، جاں بحق راہگیر کی شناخت نہ ہو سکی، رکشہ ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

ریسکیو 1122 نے نامعلوم شخص کی لاش ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دی، پولیس نے واقعہ کی تحقیقات اور رکشہ ڈرائیور کی تلاش بھی شروع کر دی۔دوسری جانب صوابی میں اسلام آباد موٹر وے پر ٹریفک حادثہ پیش آیا جس کے باعث 2 افراد جاں بحق جبکہ 11زخمی ہوگئے۔انبار انٹرچینج کے قریب اسلام آباد موٹر وے پر ایک ٹریلر کو حادثہ پیش آیا، حادثے کے نتیجے میں کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، حادثے کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔ریسکیو حکام نے بتایا کہ دونوں افراد موقع پر دم توڑ گئے، 10 افراد کو شدید زخمی حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا جس میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی، جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلخانہ سے رابطہ کرکے ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ان کے حوالے کر دی جائیں گی۔ دریں اثنا کراچی کی شاہراہ فیصل کے قریب ٹریفک حادثہ میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔حادثہ تیز رفتار نامعلوم گاڑی کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے باعث پیش آیا، اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں، جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو ضروری کارروائی کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس حکام نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت نہیں ہو سکی، موقع سے فرار ہونے والے گاڑی کے ڈرائیور کی تلاش شروع کردی گئی ہے جسے جلد حراست میں لے لیا جائے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی