i پاکستان

ملک کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات، بہن بھائی اور بچی سمیت 9افراد جاں بحقتازترین

January 29, 2026

ملک کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں بہن بھائی اور بچی سمیت 9افراد جاں بحق ہوگئے ۔تفصیل کے مطابق کوٹ ادو میں ٹریلر کی ٹکر سے 5 طالب علم جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق یہ واقعہ کوٹ ادو میں لیہ روڈ پرپیش آیا جہاں ٹریلر کی ٹکر سے طالب علم جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو حکام نے بتایا کہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر 5 طالب علم اسکول جارہے تھے جو تیز رفتار ٹریلر کی زد میں آگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق ایک موٹرسائیکل پردو بھائی، دوسری موٹر سائیکل پر بہن، بھائی اور ایک کزن سوار تھا۔ریکسیو حکام نے مزید بتایا کہ طالب علموں کی عمریں 10 سے 16 سال کے درمیان ہیں اور حادثہ ٹریلر کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ادھر کراچی میں سبزی منڈی ناردرن بائی پاس پل کے قریب نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 2 راہگیر جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار فوری جائے وقوعہ پر پہنچے، جہاں جاں بحق ہونے والے راہگیروں کو عباسی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے ایک راہگیر کی شناخت 26 سالہ ریحان کے نام سیہوئی ہے جبکہ دوسرے کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔دوسری جانب خانیوال میں مہرشاہ کے قریب ٹرک اور گنے کی ٹرالی کے درمیان تصادم ہوگیا۔

ٹرک نے ٹریکٹر ٹرالی کو پیچھے سے ٹکر مار دی، حادثہ میں ٹرک کا ہیلپر موقع پر جاں بحق ہوگیا، جاں بحق شخص کی شناخت 56 سالہ اکرم ولد رمضان کے نام سے ہوئی ہے۔حادثے کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں، امدادی ٹیموں نے لاش کو ضروری کارروائی کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے، حادثے کے ذمہ دار کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، لاش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا جائے گا۔ ادھر قصور کے علاقے دیو کھارہ کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں 7 سالہ بچی دعا طارق جان کی بازی ہار گئی۔ریسکیو حکام کے مطابق معصوم بچی پیدل سڑک عبور کر رہی تھی کہ اچانک ایک تیز رفتار گاڑی نے اسے کچل دیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو قصور کی ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور قانونی کارروائی کے لیے بچی کی لاش کو منتقل کیا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا اور اہلِ خانہ غم سے نڈھال ہو گئے۔پولیس تھانہ الہ آباد نے حادثے میں ملوث گاڑی کو قبضے میں لے کر ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی