وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ نامکمل اور بغیر تصدیق شدہ دستاویزات کے حامل مسافروں کو سفر کی اجازت نہیں۔ وزیر داخلہ نے رات گئے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا 2 گھنٹے طویل دورہ کیا، جس میں انھوں نے امیگریشن کائونٹرز پر مسافروں کے سفری عمل کا جائزہ لیا۔محسن نقوی نے کراچی ایئرپورٹ پر سعودی عرب جانے والے مسافروں کی سفری دستاویزات خود چیک کیں، اور کہا کہ درست دستاویزات کے حامل کسی مسافر کو سفر سے نہ روکا گیا ہے نہ روکا جائے گا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایئرپورٹ کے دورے کے دوران سعودی عرب جانے والے مسافروں سے گفتگو کی، ان کی سفری دستاویزات کی ایف آئی اے حکام سے تصدیق کرائی، اور نامکمل دستاویزات والے 3 افراد کو روکنے والے اے ایس آئی عامر لاشاری کی فرض شناسی کو سراہا۔ محسن نقوی نے کہا مسافروں کی آڑ میں پیشہ ور بھکاریوں کا بیرون ملک جانا ملک کی بدنامی کا باعث بنتا ہے، اس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انھوں نے دوٹوک کہا کہ درست دستاویزات والے کسی مسافر کو نہیں روکا جائے گا۔محسن نقوی باہر جانے والے مسافروں سے ملے اور امیگریشن پراسیس کا پوچھا، بعض مسافر سوالات کے درست جواب، ملازمت سے متعلق صحیح معلومات دینے سے قاصر رہے۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا ایف آئی اے کے اے ایس آئی عامر لاشاری نے فرض شناسی کی اعلی مثال قائم کی ہے، ایسے باصلاحیت ملازمین ہمارا سرمایہ ہیں۔محسن نقوی نے کہا نامکمل اور بغیر تصدیق شدہ دستاویزات کے حامل مسافروں کو کسی صورت سفر کی اجازت نہیں، مسافروں کی آڑ میں پیشہ ور بھکاریوں کو ہرگز سفر کی اجازت نہیں دی جا سکتی، پاکستان کی عزت سب سے زیادہ عزیز ہے، کسی صورت حرف نہیں آنے دیں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی