i پاکستان

پاکستان کا سب سے بڑا آئی ٹی فیسٹیول اختتام پذیرتازترین

January 20, 2026

پا کستان کا سب سے بڑا ٹیکنالوجی فیسٹیول آئی ٹی سی این ایشیا 2026 ایکسپو سینٹر لاہور میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔رپورٹ کے مطابق ایونٹ سے متوقع معاشی اثرات 750 ملین امریکی ڈالر سے زائد بتائے جا رہے ہیں، جو پاکستان کی ٹیکنالوجی کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو مزید مستحکم کرتے ہیں۔ ایونٹ کا انعقاد ای کامرس گیٹ وے پاکستان کے زیرِ اہتمام کیا گیا، جبکہ ٹیک ڈیسٹینیشن پاکستان بطور پریزینٹنگ پارٹنر شامل ہوا۔یہ تین روزہ نمائش اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کی سرپرستی اور اسپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی (STZA) کے اسٹریٹجک تعاون سے منعقد ہوئی۔ نمائش میں 800 سے زائد اسٹالز لگائے گئے اور 75 ہزار سے زیادہ شرکا نے شرکت کی، جن میں غیر ملکی مندوبین، سرمایہ کار اور کاروباری رہنما شامل تھے۔

گلگت بلتستان سافٹ ویئر ہاس ایسوسی ایشن اور پریمیئر کیبلز کے درمیان کنیکٹیویٹی میں بہتری کے لیے ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ ایونٹ کی اسٹریٹجک اہمیت اس وقت مزید اجاگر ہوئی جب چین کے آئی بی آئی انٹرنیشنل گروپ اور ای کامرس گیٹ وے پاکستان کے درمیان بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔آئی ٹی سی این ایشیا 2026 کی ایک نمایاں سرگرمی گلوبل سی آئی ایس او سمٹ رہی، جس میں 50 سے زائد ممالک سے سائبر سیکیورٹی ماہرین نے شرکت کی۔ نمائش میں 3,500 سے زائد عالمی و علاقائی برانڈز نے شرکت کی، جن میں گوگل کروم بک، سام سنگ، ریسیکیورٹی، ہواوے ای کِٹ اور کارننگ شامل تھے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی