i پاکستان

پنجاب میں 14 عمارتیں انتہائی خطرناک قرار، 13 کے خلاف فوری کارروائی کی سفارش ،سروے رپورٹتازترین

January 21, 2026

صوبہ پنجاب میں 14 عمارتوں کو انتہائی خطرناک قرار دے دیا گیا۔ صوبہ میں خطرناک اور خستہ حال عمارتوں کے حوالے سے سیکرٹری ایمرجینسی اینڈ ریسکیو سروسز کی جانب سے تیار کردہ جامع سروے رپورٹ میں خطرناک عمارتوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔سروے رپورٹ کے مطابق ان 14 عمارتوں میں سے 13 کے خلاف فوری کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔ جبکہ فیصل آباد میں ایک عمارت کو انتہائی خطرناک قرار دیا گیا ۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان عمارتوں میں رہائشی اور کمرشل سرگرمیوں کے باعث شہریوں کی جان و مال کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ بی کیٹیگری میں 63 عمارتیں شامل کی گئی ہیں۔ جن کے لئے مسلسل نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان عمارتوں کو مرمت یا خالی کرانے کی ہدایت جاری کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔سروے میں انکشاف ہوا کہ خطرناک عمارتیں شہری جان و مال کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہیں۔ جس پر ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کو رپورٹ ارسال کر دی گئی ہے۔ ان اداروں کی جانب سے خطرناک عمارتوں کے خلاف قانونی کارروائی اور سیلنگ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔رپورٹ میں فائر سیفٹی اور بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔ جبکہ شہری علاقوں میں موجود پرانی اور خستہ حال عمارتوں کو بڑا خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ خطرناک عمارتوں کے مکینوں کی منتقلی کیلئے لائحہ عمل بھی زیر غور ہے۔دوسری جانب ضلعی سطح پر فزیکل انسپیکشن کا عمل مزید تیز کرنے کی سفارش کی گئی ہے جبکہ پنجاب میں کراچی جیسے سانحات سے بچائوکیلئے پیشگی اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی