i پاکستان

پنجاب میں شدید دھند ، موٹر وے کے مختلف سیکشنز ٹریفک کیلئے بندتازترین

February 04, 2026

پنجاب میں شدید دھند کے باعث مختلف اہم موٹرویز پر ٹریفک معطل کر دی گئی ، موٹروے پولیس کے ترجمان سنٹرل ریجن کے مطابق موٹروے ایم ٹو لاہور سے ہرن مینار تک دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم الیون اور موٹروے ایم تھری فیض پور سے جڑانوالہ تک بھی شدید دھند کے باعث ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند ہیں۔سید عمران احمد، ترجمان سنٹرل ریجن کے مطابق موٹرویز کی بندش کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے کیونکہ دھند ڈرائیونگ کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اپنی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ترجمان کے مطابق دھند کے موسم میں دن کے وقت سفر کو ترجیح دی جائے جبکہ محفوظ ترین سفری وقت صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک قرار دیا گیا ہے۔موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ شہری تازہ صورتحال کے لیے ہیلپ لائن 130 یا موٹروے پولیس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے معلومات حاصل کریں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی