i پاکستان

راولپنڈی،پولیس پر فائرنگ کرنے والے گینگ کا ایک اور رکن گرفتارتازترین

January 26, 2026

راولپنڈی میں نیو ٹائو ن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اہلکاروں پر فائرنگ کرنے والے گینگ کے ایک اور رکن کو گرفتار کرلیا۔تفصیل کے مطابق نیو ٹائو ن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین روز قبل پولیس پر فائرنگ کرنے والے گینگ کا ایک اور رکن کو گرفتار کرلیا، ملزم کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کی چار مسروقہ کاریں برآمد ہوئی۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق ملزمان نے ملیہ پارک کے نزدیک پولیس پارٹی پر فائرنگ کی تھی، ملزمان ماسٹر کی (چابی) کی مدد سے گاڑیاں چراتے اور کشمیر و دیگر اضلاع میں لے جا کر فروخت کرتے تھے۔

ایس پی راول سعد ارشد کے مطابق زیر حراست شخص کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا، اس سے قبل نیو ٹائون پولیس نے چار رکنی ہنی ٹریپ گینگ کے خلاف کارروائی کی تھی۔ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ اس کارروائی میں خاتون سمیت چار افراد کو گرفتار کیا گیا، شہری سے لوٹی گئی رقم 28 ہزار روپے، شناختی کارڈ اور اے ٹی ایم کارڈ برآمد ہوا، زیر حراست افراد سے ہنی ٹریپ میں استعمال ہونے والا موبائل فون بھی ملا ہے۔حکام کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ زیر حراست گینگ شہریوں کو نوکری کا جھانسہ دے کر ہنی ٹریپ کر کے بلاتا اور ویڈیوز بنا کر بلیک میلنگ کے ذریعے رقم وصول کرتا تھا، زیر حراست افراد کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی