سانگھڑ میں لڑکی پر انسانیت سوز تشدد کرنے والے وڈیرے کے بیٹے کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ایس ایس پی عابد علی بلوچ کے مطابق ملزم نے گزشتہ روز شاد بانو ملاح پر شدید تشدد کیا اور زبان کاٹ دی تھی، ملزم واقعے کے بعد فرار ہوگیا تھا جسے خفیہ اطلاع پر کارروائی کر کے گرفتار کیا گیا ہے۔عابد علی بلوچ نے بتایا کہ ملزم کو پولیس اسٹیشن منتقل کیا جا رہا ہے ریمانڈ کیلیے عدالت میں پیش کیا جائے گا، تشدد کی شکار لڑکی حیدر آباد کے اسپتال میں زیر علاج ہے۔آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی جانب سے سانگھڑ کے علاقے چوٹیاری میں 14 سالہ لڑکی پر تشدد کرنے والے بااثر ملزم کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کو شاباشی دی۔جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ ڈی آئی جی شہید بے
نظیر آباد اور ایس ایس پی سانگھڑ کا فوری اور موثر ردِعمل قابلِ ستائش ہے، ملزم کی گرفتاری کیلئے مربوط حکمتِ عملی اختیار کی گئی سندھ پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس ٹیم میں شامل افسران و جوانوں کو تعریفی اسناد اور انعامات سے نوازا جائے گا، متاثرہ لڑکی اور اہلِ خانہ کو مکمل قانونی تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ ملزم کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی، ایسے سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف سندھ پولیس زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی