بیجنگ(شِنہوا) چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکہ کی طرف سے تائیوان کو ہتھیاروں کی فراہمی انتہائی غلط اور خطرناک اقدام ہے، امریکہ تائیوان کے ساتھ فوجی رابطے اور اسے مسلح کرنے کا عمل بند کرے۔ ترجمان ماؤ ننگ نے ان خیالات کا اظہار ان میڈیا رپورٹس کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کیا کہ امریکی حکومت نے صدارتی ڈرا ڈاؤن اتھارٹی کے ذریعے تائیوان کے لیے ہتھیاروں کی امداد کے منصوبے کے تحت اینٹی ایئر کرافٹ میزائلوں اسٹنگر کی پہلی کھیپ کے ساتھ فراہمی شروع کر دی ہے جو 24 مئی کو تائیوان پہنچ چکے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ تائیوان کو ہتھیاروں کی امریکی فراہمی تین چین-امریکہ مشترکہ بیانات خاص طور پر 17 اگست کے اعلامیہ کی سنگین خلاف ورزی، چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت، چین کی خودمختاری اور سلامتی کے مفادات کے لیے نقصان دہ ہونے کے ساتھ ساتھ آبنائے پار امن و استحکام کے لیے بھی نقصان کا باعث ہے۔
ماؤ نے کہا کہ یہ انتہائی غلط اور خطرناک اقدام ہے۔ چین اس کی سختی سے مذمت اور اسے سختی سے مسترد کرتا ہے اور اس نے امریکہ سے اس پر شدید احتجاج کیا ہے۔