• Columbus, United States
  • |
  • Jul, 23rd, 25

شِنہوا پاکستان سروس

ایران کے اسرائیل پر جوابی حملے کے بعد فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں، سربراہ اقوام متحدہتازترین

April 15, 2024

اقوام متحدہ (شِنہوا) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے شام میں ایرانی قونصل خانے پر مہلک حملے پر ایران کے اسرائیل پر جوابی حملوں کے بعد زیادہ سے زیادہ تحمل برتنے پر زور دیا ہے۔

سلامتی کونسل کے ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ تباہی کے دہانے پر ہے۔ خطے کے عوام کو بڑے پیمانے پر تباہ کن تنازع کا سامنا ہے۔  اب وقت آگیا ہے کہ اس کشیدگی کو روک کر اس کا خاتمہ کیا جائے ۔ اب پہلے سے زیادہ تحمل کی ضرورت ہے۔

انتونیو گوتریس نے کہا کہ تازہ ترین اطلاعات ہیں کہ ایران نے ہفتے کو اپنے علاقے سے اسرائیل کی طرف سینکڑوں ڈرون اور میزائل داغے جن میں سے زیادہ تر کو ناکام بنا دیا گیا۔ متعدد میزائل اسرائیلی علاقے میں گرے جن میں سے ایک نے اسرائیلی کے جنوبی علاقے میں موجود فوجی تنصیب کو نقصان پہنچایا۔ مجموعی طور پر اس حملے میں چند شہری زخمی ہوئے ہیں۔

اقوام متحدہ میں ایرانی مستقل مندوب امیر سعید روحانی نے سلامتی کونسل کے صدر کے نام ایک خط میں کہا ہے کہ ایران کا یہ اقدام اسرائیل کی بار بار فوجی جارحیت اور خاص کر یکم اپریل 2024 کو دمشق میں ایرانی سفارتی احاطے پر مسلح حملے کے جواب میں کیا گیا ہے۔

انتونیو گوتریس نے تمام رکن ممالک کو یاد دلایا کہ اقوام متحدہ کا منشور کسی بھی ریاست کی علاقائی سالمیت یا سیاسی آزادی کے خلاف طاقت کے استعمال کی اجازت نہیں دیتا اورعالمی قوانین کے تحت سفارتی ، قونصلر احاطے اور اہلکاروں کا ہرصورت احترام کیا جانا چاہئے۔

انتونیو گوتریس نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم پیچھے ہٹ جائیں۔ مشرق وسطیٰ میں متعدد محاذوں پر بڑی فوجی محاذ آرائی کا باعث بننے والی کسی بھی کارروائی سے بچنا ضروری ہے جہاں شہری پہلے ہی اس کا خمیازہ بھگت کر سب سے زیادہ قیمت ادا کررہے ہیں۔