• Columbus, United States
  • |
  • Jul, 5th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

ایران کے اسرائیل پر جوابی حملے کے بعد فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں، چینتازترین

April 15, 2024

اقوام متحدہ (شِنہوا) چین نے کہا ہے کہ شام میں ایرانی قونصل خانے پر جان لیوا حملے پر ایران کی جوابی کارروائی کے بعد فریقین پرسکون رہیں اور تحمل کا مظاہرہ کریں۔

اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مشن کے ناظم الامور دائی بنگ نے کہا کہ چین متعلقہ فریقین پر زور دیتا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ سکون اور تحمل کا مظاہرہ کریں اور اپنے اختلافات اور تنازعات اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے مطابق حل کریں تاکہ کشیدگی کو بڑھنے سے روکا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ یکم اپریل کو شام میں ایرانی سفارتی احاطے پر فضائی حملے ہوئے تھے جس میں متعدد ایرانی اہلکار لقمہ اجل بنے اور احاطے کو شدید نقصان پہنچا تھا جبکہ یہ انتہائی خوفناک حملہ اقوام متحدہ کے منشور اور عالمی قانون  سمیت شام اور ایران  کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی تھا ۔

دائی نے کہا کہ چین کو کشیدگی میں اضافے پر گہری تشویش ہے  جبکہ ایران یہ بات واضح کر چکا ہے کہ اس کی فوجی کارروائی اس کے سفارتی احاطے پر اسرائیلی جارحیت کا جواب تھی جسے حتمی سمجھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال غزہ تنازع کا تازہ ترین پھیلاؤ ہے۔ یہ ایک بار پھر یاد دہانی کراتا ہے کہ فلسطین کا مسئلہ مشرق وسطیٰ تنازع میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے اور خطے میں امن، استحکام اور طویل مدتی سلامتی اس پر منحصر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرغزہ تنازع کے شعلے بھڑکنے دیئے گئے تو اس کے منفی اثرات مزید پھیلیں گے جس سے یہ خطہ مزید غیر مستحکم ہو جائے گا۔ مشرق وسطیٰ کے ممالک اور عوام نہ تو یہ دیکھنا چاہتے ہیں اور نہ ہی وہ کسی بڑے تنازع یا جنگ کے متحمل ہو سکتے ہیں۔ اس لیے سلامتی کونسل کی قرارداد 2728 پر عمل درآمد اور غزہ میں فوری جنگ بندی کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔

چینی مندوب نے کہا کہ 2 ریاستی حل پر عملدرآمد اس مسئلے کا حتمی حل ہے جو فلسطینی ۔اسرائیل تنازع کے خطرناک دائرے کو ختم کرے گا۔ چین عالمی برادری خاص طور پر اثر و رسوخ کے حامل ممالک پر زور دیتا ہے کہ وہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کریں۔