جنیوا(شِنہوا) انٹرنیشنل ٹریڈ سنٹر (آئی ٹی سی) کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر پامیلا کوک ہیملٹن نے کہا ہے کہ چائنہ انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو (سی آئی آئی ای) بین الاقوامی تجارت کو فروغ دینے کا ایک طاقتور پلیٹ فارم ہے۔
کوک ہیملٹن نے شِنہوا کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران کہا کہ سی آئی آئی ای دنیاخاص طور پر ترقی پذیر ممالک کے لیے ایک غیر معمولی پیشکش ہے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی درآمدی نمائش کے طور پر، سی آئی آئی ای منفرد حیثیت رکھتی ہے کیونکہ یہ کاروباری اداروں کو چینی صارفین کے سامنے اپنی مصنوعات پیش کرنے اور چینی شراکت داروں اور خود برآمد کنندگان کے ساتھ روابط پیدا کرنے کے مواقع فراہم کرتی ہے۔
کوک ہیملٹن کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ، سی آئی آئی ای کم ترقی یافتہ ممالک (ایل ڈی سیز) کے کاروباری اداروں کو چینی مارکیٹ میں داخل ہونے کا موقع فراہم کرتی ہے ، کیونکہ 2008 سےچین کی مجموعی برآمدات میں ایل ڈی سیزکا حصہ26 فیصد ہے،جو بہت زیادہ ہے۔
انٹرنیشنل ٹریڈ سنٹر کی سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جی) کو حاصل کرنے کا ایک اہم طریقہ سماجی اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے ایل ڈی سیز سے برآمدات میں اضافہ کرنا ہے، اور سی آئی آئی ای حقیقت میں یہ موقع فراہم کررہی ہے۔