بیجنگ (شِنہوا) گلوبل لاجسٹکس کمپنی ڈی ایچ ایل گروپ نے چین میں تیار الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) کے لئے شنگھائی میں ایک بہترین مرکز قائم کردیا ہے جس کا مقصد بیٹریوں ، موٹرز اور چارجنگ انفراسٹرکچر جیسی ای وی مصنوعات کو اینڈ ٹو اینڈ مربوط لاجسٹکس خدمات فراہم کرنا ہے۔
یہ چین میں کھولا جانے والا گروپ کا پہلا ای وی لاجسٹک مرکز ہے، اس سے قبل وہ انڈونیشیا، میکسیکو اور متحدہ عرب امارات میں اس طرح کے مراکز قائم کرچکا ہے۔
گروپ کے مطابق شنگھائی مرکز گاڑیوں اور بیٹریوں کے لئے اسٹوریج کی مکمل سہولیات ، ملکی درآمدات اور برآمدات کے لئے مقامی پک اپ اور تصدیق شدہ نقل و حمل کی خدمات اور بیٹریوں اور گاڑیوں کے لئے مکمل عالمی انٹرماڈل ٹرانسپورٹ نیٹ ورک جیسی لاجسٹکس سروس فراہم کرے گا۔
یہ نیا مرکز چین کے بڑے شہروں میں 50 سے زائد گودام اور تقسیم سہولیات بھی قائم کرے گا تاکہ بیٹریوں اور مکمل گاڑیوں کی درآمدات اور برآمدات کو ذخیرہ اور ان کی ترسیل کی جاسکے۔