بیجنگ(شِنہوا) چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ سنکیانگ دنیا کے لیے اپنے دروازے کھلے رکھے گا اور یہ کہ چین سنکیانگ کا دورہ کرنے اور اس کی دلکشی، ہم آہنگی اور خوشحالی کا مشاہدہ کرنے کے لیے تمام ممالک کے مزید دوستوں کا مخلصانہ خیرمقدم کرے گا۔
ترجمان وانگ وین بن نے ان خیالات کا اظہار روزانہ کی پریس بریفنگ میں ڈیلی اتحاد میڈیا گروپ کے ایگزیکٹو ایڈیٹر معیز فاروق کے سنکیانگ کے دورے کے بارے میں حالیہ بیان کے جواب میں کیا۔
وانگ نے کہا کہ صرف 2023 میں تقریباً 400 وفود اور گروپس نے سنکیانگ کا دورہ کیا، جن میں قازقستان، کرغزستان، ازبکستان، پاکستان، انڈونیشیا، ملائیشیا، جاپان، مصر، فرانس، جرمنی، سوئٹزرلینڈ، کینیڈا، عرب لیگ، اسلامی تعاون تنظیم اور دیگر ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے 4ہزار300 سے زائد مندوبین شامل تھے۔
وانگ نے کہا کہ ان میں سے کچھ سرکاری اہلکار، سفارت کار، مذہبی شخصیات، ماہرین، علما، صحافی اور عام افراد تھے ، انہوں نے وہاں بہت سی جگہوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے مساجد اور اسلامی اداروں کے خطیب حضرات اور علما سے بات چیت کی، ثقافتی ورثے کے مقامات کا دورہ کیا تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ سنکیانگ کی روایتی ثقافت کی حفاظت کیسے کی جارہی ہے۔ انہوں نے سنکیانگ کی پیداوار اور ترقی کے بارے میں جاننے کے لیے مقامی کارخانوں، کاروباری اداروں اور فارموں کا دورہ کیا اور عام گھرانوں میں گئے جہاں انہوں نے مختلف نسلی گروہوں کے لوگوں کو خوشگوار زندگی گزارتے ہوئے دیکھا۔