شینژین(شِنہوا) چین میں جاری چائنہ ہائی ٹیک میلے(سی ایچ ٹی ایف) میں چینی سائنسدانوں نے ایک نئی تیار کردہ بیٹری متعارف کرائی ہے،جو شدید سردی اور گرمی دونوں میں کام کر سکتی ہے۔
چین کی اکیڈمی آف سائنسز کے ذیلی ادارے شینژین انسٹی ٹیوٹ آف ایڈوانسڈ ٹیکنالوجی (ایس آئی اے ٹی) کے ڈیزائنرجیانگ چھون لی کے مطابق یہ لیتھیم بیٹری کم سے کم درجہ حرارت منفی 70 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 80 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرمی میں بھی کام کر سکتی ہے۔
جیانگ کے گروپ نے ایلومینیم پرمبنی ایک نیا جامع اینوڈ مواد اور مختلف صورتحال میں استعمال ہونے والے متعدد الیکٹرولائٹس کو ڈیزائن کیا، جو بیٹری کے آپریٹنگ درجہ حرارت کی حد کو نمایاں طور پر بڑھانے کے قابل ہے۔
بیٹری کی توانائی کی کثافت روایتی لیتھیم آئن بیٹریوں کے مقابلے میں 13 سے 25 فیصد زیادہ ہے، جس سے یہ طویل مدت تک کارآمد رہ سکتی ہے۔
اس کے علاوہ، اسے 20 منٹ میں مکمل چارج کیا جا سکتا ہے۔ اس کی قیمت مہنگے نانوسکل کیتھوڈ مواد والی بیٹریوں سے 10 سے 30 فیصد کم ہے۔