بیجنگ(شِنہوا)چین سال 2023 میں مسلسل ساتویں سال کےلیے سب سے زیادہ تجارتی سامان برآمد کرنے والے ملک کے طورپر سرفہرست رہا ہے اور عالمی برآمدات میں اس کا حصہ تقریباً2022کی سطح کے برابر 14.2 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
چینی وزارت نے یہ بیان عالمی ادارہ تجارت(ڈبلیو ٹی او) کے "گلوبل ٹریڈ آؤٹ لک اور شماریات" کے تازہ ترین شمارے کے ردعمل میں جاری کیا ہے،جس میں عالمی تجارتی سامان کی تجارت کے حجم میں 2023 میں کمی کے بعد 2024 اور 2025 میں بتدریج بحالی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ چین 2023 میں 10.6فیصد حصص کے ساتھ تجارتی سامان درآمد کرنے والے ممالک میں دوسرے نمبر پررہا۔یہ اعدادوشماربنیادی طور پر 2022 کی سطح کے برابر ہیں۔
وزارت نےباورکرایا ہے کہ عالمی معیشت کی بحالی میں مشکلات کے باوجود، چین نے عالمی تجارتی سامان کی تجارت میں مستحکم کارکردگی کو برقرار رکھا ہے جو مضبوط ترقی کے امکان کو ظاہر کرتا ہے۔
وزارت نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی منڈی میں چین کی معیاری مصنوعات کا خیرمقدم کیا جاتا ہے اور چین کی بڑی مقامی منڈی میں درآمدات نے دیگر ممالک کی اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے میں مددفراہم کی ہے۔