بیجنگ(شِنہوا)بیجنگ میں 2 سے 6 ستمبر تک منعقد ہونے والے چائنہ انٹرنیشنل فیئرفارٹریڈ ان سروسز2023 (سی آئی ایف ٹی آئی ایس) میں شرکانے بانس سے تیارکردہ سائیکلیں، فرنیچر،اسٹوریج بکس اور دیگرمصنوعات میں گہری دلچسپی کااظہار کیا ہے۔ بانس سے تیارکردہ مصنوعات کی نمائش کرنے والے بوتھ انٹرنیشنل بیمبو اینڈ رتن آرگنائزیشن نے قائم کیے تھے، جس کا مقصد پلاسٹک کی مصنوعات کی بجائے بانس کی اشیاء کو متعارف کراکے عالمی سطح پر کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو کم کرنا ہے۔ ان بوتھس میں سے ایک پر، سیچھوان وانوف نیو میٹریل کمپنی، نے "بابو" کے نام سے اپنے بانس فائبر پیپر برانڈ کی نمائش کی۔ 2021 میں، کمپنی نے سٹاربکس کے ساتھ مل کر کافی گراونڈز کو قدرتی بانس کے ریشے کے ساتھ ملا کر نیا مواد تیارکرنا شروع کیا تھا جس سے کافی بنانے والی امریکی کمپنی کو پیکیجنگ مواد میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو نمایاں طور پر کم کرنے میں مدد ملی۔ وانوف کے بوتھ پر موجود ایک اہلکارہوانگ مان چھی نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ سی آئی ایف ٹی آئی ایس میں مزید ایسے شراکت دار ملیں گے جو کم کاربن پائیدار ترقی کے تصور کوفروغ دینے کے لیے کام کرتے ہوئے ہمارے گھر یعنی زمین کی حفاظت کررہے ہیں۔