بیجنگ(شِنہوا)چین اور امریکہ نے 14ویں چین-امریکہ ٹورازم لیڈر شپ سمٹ 2024 کی پہلی ششماہی میں چین میں منعقد کرنے پراتفاق کیا ہےجس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سیاحتی تعاون کو مزیدفروغ دیناہے۔
چین کےدورہ پرآئی ہوئی امریکی وزیر تجارت جینا ریمنڈو سے بیجنگ میں ملاقات کے دوران چینی وزیر ثقافت و سیاحت ہو ہی پھنگ نے کہا کہ انکی وزارت امریکی محکمہ تجارت کے ساتھ عوامی اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے سمیت باہمی دوروں کو بڑھانے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکہ چین کے ساتھ اسی سمت میں کام کرے گا اوردونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازوں میں مزید اضافہ کرنے سمیت جلد از جلد چینی شہریوں کے دوروں کے لیے اپنے سفری قوانین کو سازگار بنائے گا اور چینی شہریوں کے لیے امریکی ویزوں کے حصول میں آسانی پیدا کرے گا۔
ہو ہی پھنگ نےامریکہ پر زوردیا کہ وہ امریکہ کا دورہ کرنے والےچینی شہریوں اور وفود سے بے بنیاد پوچھ گچھ اور ہراساں کرنا بند کرے اور باہمی سیاحتی دوروں کے لیے بہتر حالات پیدا کرے۔