بیجنگ(شِنہوا) 18ویں ورلڈ واٹر کانگریس پیرکو بیجنگ میں شروع ہوگئی۔ "پانی سب کے لیے : انسان اور فطرت کے درمیان ہم آہنگی" کے عنوان سے یہ ایونٹ پانچ روز تک جاری رہے گا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ چین ورلڈ واٹر کانگریس کی میزبانی کر رہا ہے۔ اس سال کی کانگریس میں 60 سے زائد ممالک اور خطوں کے تقریباً 600 مندوبین، 130 سے زائد بین الاقوامی تنظیموں اور پانی سے متعلقہ اداروں کے ساتھ ساتھ چین سے آبی وسائل کےتقریباً 700 پیشہ ور افراد بھی شریک ہیں ۔ 18ویں ورلڈ واٹر کانگریس کے چھ ذیلی تھیمز ہیں جن میں بدلتے ہوئے ماحول کے تحت پانی۔انسان-معیشت-ماحول تعلق ، پانی کے موثراستعمال کی پیداواری صلاحیت اور خدمات کو فروغ دینا، آفات کی روک تھام اور تخفیف کے لیے لچک پیدا کرنا، آبی ماحولیاتی نظام کی صحت اور افعال کی حمایت، پانی کے پائیداربنیادی ڈھانچے کا قیام اور پانی کے انتظام وانصرام میں جدت شامل ہیں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کے وزیر برائے آبی وسائل لی گاوینگ نے کہا کہ اس وقت دنیا کو پانی کی آفات، آبی وسائل، آبی ماحولیات اور آبی ماحول سے متعلق بڑھتے ہوئے شدید چیلنجز کا سامنا ہے، اس لیےواٹر منیجمنٹ کے بارے میں خیالات کا تبادلہ کرنا،پانی کی بہترین منیجمنٹ حکمت عملی پر بات چیت، تعاون اور ترقی کے طریقے تلاش کرنا اور کانگریس کے موضوع پر توجہ مرکوز کرتے ہوئےمشترکہ طور پر عالمی واٹر گورننس کے طریقوں میں تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔