میڈرڈ(شِنہوا) اقوام متحدہ ٹورازم نے کہا ہے کہ 2024 کی پہلی سہ ماہی میں بین الاقوامی سیاحت کوویڈ سے پہلے کی سطح کے 97 فیصد تک پہنچ گئی ہے جبکہ اندازہ ہے کہ باقی سال کی مدت کے دوران یہ تعداد 2019 کی نسبت زیادہ ہوجائے گی۔
میڈرڈ میں قائم تنظیم کی رپورٹ کے مطابق کہ جنوری اور مارچ کے درمیان28 کروڑ 50 لاکھ سیاحوں نے بین الاقوامی دورے کیے جو2023 کے اسی عرصے کے مقابلے میں تقریباً 20 فیصد زیادہ ہے۔ اقوام متحدہ ٹورازم کو توقع ہے کہ 2019 کی سطح سے 2 فیصد زیادہ آمد کے ساتھ باقی سال بین الاقوامی سیاحت کی مکمل بحالی کا امکان ہے۔
ایشیا اور بحرالکاہل کے علاقے میں بین الاقوامی آمد میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا جو 2023 کی پہلی سہ ماہی میں 2019 کی سطح کے 65 فیصد اور رواں سال کے پہلے تین مہینوں میں 82 فیصد تک پہنچ گئی۔
مشرق وسطیٰ میں بھی ایک مضبوط ترقی ہوئی جہاں بین الاقوامی سیاحت وبائی مرض سے پہلے کی سطح سے 36 فیصد زیادہ رہی جبکہ یورپ میں 12 کروڑبین الاقوامی سیاح آئے جو 2019 کے مقابلے میں 1 فیصد زیادہ ہیں۔
افریقہ میں 2023 کی اسی مدت کے مقابلے میں 5 فیصد اضافہ دیکھا گیا جبکہ امریکہ میں بین الاقوامی سیاحت 2019 کی سطح کے 99 فیصد تک پہنچ گئی۔
ان نتائج کا خیر مقدم کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیاحت کے سیکرٹری جنرل زوراب پولولیکاشویلی نے مقامی معیشتوں پر ان کے مثبت اثرات کو اجاگر کیا۔