بیجنگ(شِنہوا) 8ویں چین-جنوبی ایشیا ایکسپو 23 سے 28 جولائی تک جنوب مغربی صوبے یوننان کے دارالحکومت کنمنگ میں منعقد ہوگی۔نائب وزیر تجارت لی فیی نے منگل کو بیجنگ میں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ وزارت تجارت اور یوننان کی صوبائی حکومت کی طرف سے مشترکہ طور پر منعقد ہونے والی یہ ایکسپو رواں سال کی چین اور جنوبی ایشیائی ممالک کے درمیان اقتصادی وتجارتی تبادلوں کے حوالے سے سب سے اہم ایونٹ ہو گا۔یہ ایکسپو پہلی بار کنمنگ میں 2013 میں چین کی جانب سے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹوکے افتتاح کے موقع پر منعقد ہوئی تھی۔ لی نے کہا کہ گزشتہ 11 سالوں کے دوران چین اور جنوبی ایشیائی ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں عملی تعاون مضبوط ہوا ہے اور اقتصادی اور تجارتی تبادلوں میں مستحکم رفتار برقرار رہی جس سے دونوں اطراف کے عوام کو فائدہ پہنچا ہے۔ نائب وزیر نے کہا کہ برسوں کی ترقی کے بعد یہ ایکسپو چین اور جنوبی ایشیائی ممالک کے لیے اقتصادی اور تجارتی تعاون اور ثقافتی تبادلوں کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم بن گئی ہے اور یہ کہ ایکسپو نے ایک اہم کردار ادا کیا اور چین اور جنوبی ایشیائی ممالک کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی تعاون میں مثبت حصہ ڈالا ہے۔