بغداد (شِنہوا) عراقی میڈیا نیٹ ورک کے صدرکے مشیر ڈاکٹر محمد رشق نے کہا ہے کہ چین میں جاری پانچویں عالمی میڈیا سربراہی کانفرنس بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے درمیان تجربات اور مہارتوں کے تبادلے کے لیے ایک عالمی پلیٹ فارم ہو گی۔
ڈاکٹر محمد رشق نے کہا کہ یہ میڈیا سمٹ بلاشبہ شریک ممالک کو ایک دوسرے کو جاننے اور میڈیا کے شعبے میں معلومات اور خیالات کے تبادلوں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرے گی۔
"عالمی اعتماد میں اضافہ ، میڈیا ترقی کو فروغ دینا" کے موضوع پر چین کے صوبے گوانگ ڈونگ کے دارالحکومت گوانگ ژو میں منعقد ہونے والی سربراہی کانفرنس میں دنیا بھر کے مرکزی دھارے کے ذرائع ابلاغ کے سینکڑوں سربراہان، سرکاری حکام اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے شرکت کررہے ہیں۔
رشق نے شِنہوا کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں کہا کہ سمٹ مختلف ممالک کے درمیان تعاون اور تبادلوں میں اضافہ کرے گی کیونکہ یہ خیالات اور آراء کے تبادلوں اور میڈیا کے شعبے میں ہونے والی تازہ ترین پیش رفت کے اشتراک کے لیے ایک اہم موقع فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا اب ملٹی میڈیا، سوشل میڈیا اور اسی طرح کے شعبوں میں نمایاں اور تیز رفتار ترقی کا مشاہدہ کر رہا ہے۔ یہ سربراہی کانفرنس عالمی میڈیا کو اپنے مستقبل کے لیے ایک مخصوص اور واضح وژن کے ساتھ آنے کے لیے ایک مناسب ماحول بھی فراہم کرے گی۔