شنگھائی(شِنہوا)عالمی نمائش سی ای او شنگھائی سمٹ کوویڈ-19 کی وجہ سے تین سال کے وقفے کے بعد 19 سے 21 جون تک منعقد ہو گی۔
شنگھائی کنونشن اینڈ ایگزیبیشن انڈسٹریز ایسوسی ایشن (ایس سی ای آئی اے) کے مطابق نمائشی گروپوں اور اداروں کے 250 سے زائد ملکی اور بیرون ملک سینئر ایگزیکٹوز اور صنعتی انجمنوں کے سربراہان اس تقریب میں شرکت کریں گے۔
ایس سی ای آئی اے کے ایک عہدیدار چھن شیان جن نے کہا کہ یہ سمٹ چین کی نمائشی صنعت کی مکمل بحالی اور عالمی نمائشی مارکیٹ کے مرکز میں ملک کی واپسی کی ایک اہم علامت ہو گی جس سے عالمی اجتماع اور نمائشی صنعت کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
چھن نے شِنہوا کو بتایا کہ مدعو کیے گئے سی ای اوز بہت پرجوش ہیں اور وہ جلد از جلد سفر کرنے کی امید رکھتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پچھلی دہائی کے دوران چین سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی نمائشی مارکیٹ رہا ہے اور تقریباً تمام بین الاقوامی شہرت یافتہ نمائشی اداروں نے شنگھائی جیسے چینی شہروں میں ذیلی ادارے قائم کیے ۔
چھن نے کہا کہ خاص طور پر کوویڈ-19 پر قابو پانے کے اقدامات کو بہتر بنانے کے بعد عالمی نمائش میں مدعو افراد کی توجہ چین کے معاشی امکانات پر مرکوز ہےکیونکہ چینی کاروبار ان کے لیے اہم ہے۔
نمائش کی صنعت کو معیشت کا بیرومیٹر سمجھا جاتا ہے۔ شنگھائی میونسپل کمیشن آف کامرس کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس سال شہر کی نمائشی صنعت میں تیزی سے بحالی کی امید ہے۔
شنگھائی میونسپل کمیشن آف کامرس نے کہا کہ شہر کے مرکزی نمائشی مقامات پر اس سال تقریباً 300 نمائشیں منعقد کرنے کا ارادہ ہے جن کا نمائشی رقبہ 1کروڑ40 لاکھ مربع میٹر سے زیادہ ہے۔