• Columbus, United States
  • |
  • Jul, 12th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

عالمی صحت اسمبلی میں تائیوان کی عدم موجودگی کی وجہ صرف ڈیموکریٹک پروگریسو پارٹی ہے، ترجمان چینی مین لینڈتازترین

May 14, 2024

بیجنگ(شِنہوا) چینی مین لینڈ کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ آمدہ عالمی صحت اسمبلی(ڈبلیو ایچ اے) میں تائیوان کی عدم موجودگی کی وجہ صرف ڈیموکریٹک پروگریسو پارٹی (ڈی پی پی) کے حکام ہیں۔

عالمی صحت اسمبلی کے 77 ویں اجلاس کے لئے رجسٹریشن گزشتہ روز بند ہوئی۔

ریاستی کونسل کے تائیوان امور دفتر کے ترجمان چھن بین ہوا نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کی سرگرمیوں میں تائیوان خطے کی شرکت سے متعلق ہمارا مؤقف مستقل اور واضح ہے۔ اس سے ایک چین اصول کے تحت دیکھا جائے جو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد 2758 اور ڈبلیو ایچ اے کی قرارداد 25.1 میں شامل ایک بنیادی اصول بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈی پی پی حکام "تائیوان کی آزادی" کے علیحدگی پسند مؤقف پر قائم ہیں اور انہوں نے 1992 کا اتفاق رائے تسلیم کرنے سے انکارکردیا ہے۔ اس طرح عالمی صحت اسملبی میں تائیوان خطے کی شرکت کی سیاسی بنیاد اب موجود نہیں ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت ہمیشہ تائیوان کے ہم وطنوں کی صحت اور فلاح و بہبود سے متعلق فکرمند رہی ہے اور عالمی صحت کی کوششوں سے تائیوان خطے کی شرکت کے لئے مناسب انتظامات کئے گئے ہیں۔ تائیوان کے ماہرین کے 21 گروپس نے گزشتہ برس کے دوران عالمی ادارہ صحت کی تکنیکی سرگرمیوں میں حصہ لیا تھا اور خطہ اس وقت فوری طور پر صحت سے متعلق ہنگامی معلومات عالمی ادارہ صحت سے حاصل کرسکتا ہے۔

چھن نے کہا کہ اس طرح عالمی ادارہ صحت سے تکنیکی رابطے اور تعاون میں خطے کی شرکت مکمل طور پر واضح ہے، صحت سے متعلق ہنگامی معلومات اور امداد تک اس کی رسائی مکمل طور پر مؤثر ہے اور تائیوان کے ہم وطنوں کے صحت کے حقوق کا تحفظ کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈی پی پی حکام کی عالمی صحت اسمبلی میں تائیوان کی شرکت سے متعلق معاملات میں ہیرا پھیری کا اصل مقصد نام نہاد "خودمختار حیثیت" کو اجاگر کرنا اور صحت کی آڑ میں آزادی کا حصول ہے۔

ترجمان چھن نے کہا کہ آبنائے تائیوان کے دونوں اطراف کے ہم وطنوں اور عالمی برادری نے ڈی پی پی حکام کے دھوکے باز اور اشتعال انگیز اقدامات بے نقاب کردیئے ہیں اور ان کی ناکامی یقینی ہے۔