بیجنگ(شِنہوا) چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ تائیوان جزیرے کی سیاسی صورت حال میں کیا تبدیلی آتی ہے، اس سے یہ تاریخی اور قانونی حقائق تبدیل نہیں ہوسکتے کہ آبنائے تائیوان کے دونوں اطراف ایک چین کا حصہ ہیں جو آخرکار اور لامحالہ طور پر دوبارہ متحد ہو جائیں گے۔
ترجمان وانگ وین بن نے ان خیالات کا اظہار پیر کو روزانہ کی پریس بریفنگ میں اس سے متعلقہ ایک سوال کے جواب میں کیا۔ ترجمان نے کہا کہ دنیا کے ممالک اور بین الاقوامی اور علاقائی تنظیموں کی اکثریت چینی حکومت اور عوام کے اس موقف کی بھرپور تائید کرتی ہے اور تائیوان کی آزادی کی مخالفت اور دوبارہ اتحاد کو فروغ دینے کے چین کے جائز مقصد کی حمایت کرتی ہے۔ وانگ نے کہا کہ چند ممالک کے بعض سیاست دان تائیوان سے متعلق امور پر سیاسی جوڑتوڑ اور خودنمائی میں ملوث ہیں، جو چین کے اندرونی معاملات میں سنگین مداخلت اور ایک چین کے اصول کی خلاف ورزی ہے۔ چین اس طرح کے اقدام کی شدید مذمت کرتا ہے اور اپنی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے بھرپور تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔