جکارتہ (شِنہوا) چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ بڑی کوششوں سے حاصل کردہ خطے کے امن و استحکام کو مشترکہ طور پر برقرار رکھنے کے لئے چین انڈونیشیا سے رابطے اور تعاون مضبوط بنانے کا خواہشمند ہے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ نے یہ بات انڈونیشیا کے دورے میں نومنتخب صدر پرابوو سوبیانتو سے ملاقات میں کہی۔
وانگ نے پرابوو سوبیانتو کو صدارتی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے اعتماد ظاہر کیا کہ نئے صدر انڈونیشیا کو روشن مستقبل کی سمت لے جائیں گے۔
وانگ نے کہا کہ منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے سرکاری دورے کے لئے چین کو ترجیح دینے کا پرابوو سوبیانتو کا فیصلہ چینی عوام کے لئے ان کے دوستانہ جذبات اور چین۔ انڈونیشیا تعلقات کی انتہائی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ چین نے ہمیشہ انڈونیشیا کو اپنے ہمسایہ سفارتکاری میں ترجیح دی اور عالمی امور میں ایک قابل بھروسہ شراکت دار کے روپ میں دیکھا ہے۔
اس موقع پر نومنتخب صدرپرابوو سوبیانتو نے دورہ چین کے لئے گرم جوش اور بہترین انتظامات پرچین کا شکریہ ادا کیا ۔ یہ مختصر لیکن مفید دورہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ چین انڈونیشیا کا اچھا دوست ہے جبکہ وہ اعلیٰ سطح پر دوطرفہ سٹریٹجک تعاون میں مسلسل پیشرفت اور دوطرفہ تعلقات کی سطح بڑھانے کے لئے پرامید ہیں۔
پرابوو سوبیانتو نے کہا کہ چین نے ہمیشہ عالمی اور علاقائی امور میں منصفانہ طرز عمل برقرار رکھا اور ترقی پذیر ممالک کو بے لوث مدد فراہم کی ہے۔ انڈونیشیا ۔ چین تعاون کو مضبوط بنانے سے خطے اور دنیا کے استحکام اور خوشحالی پر یقیناً مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔