سیول(شِنہوا)عوامی جمہوری کوریا کے صدر اور ورکرزپارٹی آف کوریا کے جنرل سیکرٹری کم جونگ ان نے ڈرون انسٹیٹیوٹ آف دی اکیڈمی آف ڈیفنس سائنسز کے منعقدہ ڈرون کی کارکردگی جانچنے کے تجربے کی نگرانی کی۔
عوامی جمہوری کوریا کی سرکاری کورین سنٹرل نیوز ایجنسی (کے سی این اے) کے مطابق انہوں نے زمین اور سمندر میں دشمن کی افواج کو نشانہ بنانے کیلئے حال ہی میں تیار کئے جانیوالے ڈرونز کے متعلق براہ راست معلومات حاصل کیں۔
تجربے کے دوران مختلف قسم کے ڈرونز نے مختلف فضائی راستوں سے گزرتے ہوئے مقررہ اہداف کی درست نشاندہی کی اور انہیں تباہ کیا۔
عوامی جمہوری کوریا کے صدر نے کہا کہ مختلف قسم کے ڈرونز کی تیاری اور ان کی جنگی صلاحیتوں میں اضافہ جنگی تیاریوں میں اہم کردار ادا کرتا ہے، انہوں نے ڈرون کی تیاری اور پیداوار میں اضافے کی ضرورت پر زور دینے سمیت ان کی جنگی ایپلی کیشنز کی مزید گہرائی سے جانچ پڑتال اور ان کے ساتھ فوجی یونٹوں کو تیزی سے لیس کرنے پر زور دیا۔