یریوان(شِنہوا) آرمینیا نے باضابطہ طور پر فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
آرمینیا کی وزارت خارجہ نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا کہ مختلف بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر، ہم نے ہمیشہ مسئلہ فلسطین کے پرامن اور جامع حل کے لئے آواز اٹھائی اور اسرائیل-فلسطینی تنازعہ کو حل کرنے کے دو ریاستی اصول کی حمایت کی۔ہمیں یقین ہے کہ فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کی جائزخواہشات کو یقینی بنانے کا واحد طریقہ یہی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ بالا موقف اور حقائق کی بنیاد پراوربین الاقوامی قانون و مساوات، خودمختاری اور پرامن بقائے باہمی کے اصولوں کے ساتھ وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے آرمینیا فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرتا ہے۔
ناروے، آئرلینڈ اور اسپین نے 22 مئی کو ایک ساتھ 28 مئی سے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم اسرائیل کی جانب سے ان ممالک کے فیصلے کی مذمت کی گئی تھی۔