• Wuhan, China
  • |
  • May, 16th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

آسٹریلیا کا زلزلے کے بعد انڈونیشیا ، جزائر سلیمان کی مدد کرنے کا اعلانتازترین

November 23, 2022

کینبرا(شِنہوا)آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز نے کہا ہے کہ ان کی حکومت زلزلے سے متاثرہ انڈونیشیا اور جزائر سلیمان کی مدد کرنے کیلئے تیار ہے۔

حکام کے مطابق انڈونیشیا کے صوبہ مغربی جاوا میں 5.6 شدت زلزلے کے نتیجے میں مجموعی طور پر 162 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

زلزلے سے کئی مکانات، عمارتوں اور بنیادی ڈھانچے کی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ زلزلے کے شدید جھٹکے ملک کے دارالحکومت جکارتہ میں بھی محسوس کیے گئے۔

امریکی جیولوجیکل سروے نے بتایا ہے کہ منگل کی صبح 7 بجکر 3 منٹ 7 سیکنڈ (پاکستانی وقت) پر جزائر سلیمان کے مالانگو سے 18 کلومیٹر جنوب مغرب کی جانب 7.0 شدت کا زلزلہ آیا ہے۔

منگل کے روز پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے کہا کہ انہوں نے آسٹریلیا کی جانب سے مدد کی پیشکش کیلئے دونوں ممالک کے رہنماؤں سے رابطہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2 ہزار سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا ہے ، میں نے اپنے دوست صدر جوکو ویدودو کے ذریعے آسٹریلیا کی جانب سے اس المناک جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا ہے اور ہم انڈونیشیا میں اپنے دوستوں کو مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں جیسا کہ آسٹریلیا ہمیشہ کرتا ہے۔

ہم نے جزائر سلیمان کے وزیر اعظم مناسی سوگاورے سے بھی رابطہ کیا ہے اور انہیں بتایا ہے کہ آسٹریلیا مدد کیلئے تیار ہے۔