ادیس ابابا (شِںہوا) افریقی یونین (اے یو) کے سربراہان مملکت وحکومت کی اسمبلی کا 37واں عام اجلاس شروع ہوگیا ہے جس میں افریقہ میں تعلیمی حالت بہتر بنانے اور افریقہ میں ترقیاتی کوششوں میں تیزی لانے پر زوردیا گیا ہے۔
ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں واقع افریقی یونین صدر دفتر میں منعقدہ افریقی یونین کے رکن ممالک کے افریقی رہنماؤں پر مشتمل یہ اجلاس دو روز جاری رہے گا۔ یہ اجلاس افریقی یونین کے تھیم برائے سال 2024 کے تحت ہو رہا ہے جس کا موضوع ہے "افریقیوں کو 21 ویں صدی سے ہم آہنگ تعلیم کی فراہمی ، افریقہ میں جامع، تاحیات، معیاری اور متعلقہ تعلیم تک رسائی میں اضافے کے لئے لچکدار تعلیمی نظام کا قیام " ۔
افریقہ 2024 میں تعلیم کی اہمیت اجاگر کرتا ہے اس لئے سربراہ اجلاس میں براعظم کے وژن اور مارکیٹ کی ضروریات پورا کرنے کے لئے تعلیم اور مہارت بڑھانے کے طریقوں پر بات چیت کی جائے گی اور افریقہ کی مجموعی ترقی میں پیشرفت، چیلنجز اور امکانات پر مزید تبادلہ خیال ہوگا۔
کوموروس کے صدر اور افریقی یونین کے چیئرپرسن عزالی عثمانی نے افتتاحی اجلاس سے خطاب میں براعظم کے استحکام اور ترقی کے فروغ کی کوششوں میں اضافے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
عثمانی نے کہا کہ ہمارے براعظم میں امن و سلامتی کے فروغ اور تحفظ میں خصوصی دلچسپی کی بدولت مشترکہ سلامتی کے خدشات پر ہمارے اقدامات کے لئے رہنمائی ملی ہے اور ہمارے براعظم کے وژن 2063 کے تحت ایک متحد اور خوشحال افریقہ کے لئے ہمارے وژن کو عملی شکل دینے کی بنیاد رکھی۔
افریقی کمیشن کے چیئرپرسن موسیٰ فقی محمد نے بھی انہی خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ افریقی یونین کے رکن ممالک افریقہ کی ترقی کی امنگوں کو خطرے سے دوچار کرنے والے چیلنجز سے اجتماعی طور پر نمٹیں۔