ہانگ کانگ(شِنہوا)ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے (ایچ کے ایس اے آر) کی حکومت نے ایچ کے ایس اے آر کے بنیادی قانون کے آرٹیکل 23 کی قانون سازی پر "ہانگ کانگ واچ" اور دیگر تنظیموں کے مشترکہ بیان کی سخت مخالفت کا اظہار کیا ہے۔
ایچ کے ایس اے آر حکومت کے ترجمان نے کہا کہ مشترکہ بیان جان بوجھ کر کی گئی الزام تراشی اور سفید جھوٹ ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ایچ کے ایس اے آر بنیادی قانون کے آرٹیکل 23 کی قانون سازی سے متعلق مشاورتی دستاویز سزا یافتہ افراد کی سزاؤں پرعملدرآمد کے اختیارات، طریقہ کار سے متعلق امور اور انتظامات کے بارے میں ہے۔
اسی طرح کی دفعات برطانیہ کی نیشنل سیکورٹی ایکٹ 2023 اور دہشت گردی کے مجرموں (ابتدائی رہائی کی پابندی) ایکٹ 2020 سے متعلقہ قانون سازی میں بھی موجود ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ایچ کے ایس اے آر حکومت کے لیے غیر ممالک کے متعلقہ قوانین کے ساتھ ساتھ قومی سلامتی کے لیے خطرہ بننے والے جرائم سے متعلقہ مقدمات سے نمٹنے کے دوران تجربات سے سامنے آنے والی خامیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے اقدامات اٹھانا مکمل طور پر جائز ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ان تنظیموں نے ان ممالک کے متعلقہ قوانین کو مکمل طور پر نظر انداز کیا جن میں وہ کام کررہی ہیں اور متضاد بیانات دیے کہ آرٹیکل 23 پر ایچ کے ایس اے آر حکومت کی قانون سازی کی تجاویز نے انسانی حقوق کو پامال کیا، جس سے ان کی سراسر منافقت اور دوہرا معیار بے نقاب ہوا ہے۔