پیرس (شِنہوا) ایئربس نے گزشتہ برس 735 تجارتی طیارے مہیا کئے جو اس کے طے شدہ ہدف 720 کے مقابلے میں زائد ہیں۔
کمپنی کی شائع شدہ ایک رپورٹ میں گروپ نے کہا ہے کہ ایئربس نے 2023 میں دنیا بھر میں 87 صارفین کو 735 تجارتی طیارے فراہم کئے جو پیچیدہ آپریٹنگ ماحول کے باوجود مستحکم کارکردگی ہے۔ تجارتی طیارے کے کاروبار میں مجموعی طور 2 ہزار 319 آرڈر (2 ہزار 94 خالص) آئے جس سے 2023 کے اختتام پر زیرالتواء طیاروں کی تعداد 8 ہزار 598 رہی۔
گروپ کے کمرشل طیاروں کے کاروبار کے نئے سی ای او کرسچن شرر نے کہا کہ ابتدائی طور پر توقع کی جارہی تھی ہوا بازی 2023-2025 کے دوران کسی بھی وقت بحال ہوجائے گی تاہم 2023 میں سنگل آئیل مارکیٹ کے ساتھ ساتھ وائیڈ باڈی مارکیٹ توقع سے کہیں جلد اور جوش و خروش سے بحال ہوئی۔

فرانس، پیرس کے قریب لی بورگیٹ ہوائی اڈے پر منعقدہ 54 ویں بین الاقوامی پیرس ایئر شو کے دوران ایئربس اے 321 ایکس ایل آر کی نمائش کا منظر۔ (شِنہوا)
ایئربس نے 2020 سے 2022 کے دوران بالترتیب 566، 611 اور 661 کمرشل طیارے مہیا کئے تھے جو 2019 کے فراہم کردہ 863 طیاروں سے کافی کم ہیں۔
ایئربس کو 2023 کے دوران بڑے آرڈرز ملے خاص کر پیرس ایئر شو میں 500 طیاروں کے سودے ہوئے جس سے اسے امریکی حریف بوئنگ پر سبقت حاصل ہوئی۔
کمپنی نے دسمبر میں اعلان کیا تھا کہ ایئربس کے انتہائی کامیاب اے 320 خاندان کے طیاروں کی مارکیٹ نے کوویڈ وبائی مرض کے دنوں سے مضبوطی سے بحال ہوئی ہے۔
ستمبر میں ایئربس نے چین کی شمالی بلدیہ تیان جن میں اپنی دوسری فائنل اسمبلی لائن میں اے 320 اور اے 321 نیو دونوں طیارے تیار کرنے کا آغاز کیا تھا جو ایئربس کا جدید ترین سنگل آئیل طیارہ ہے۔
ایئربس 2026 تک اے 320 خاندان کے طیاروں کی پیداوار 75 طیارے ماہانہ تک کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

چین ، شمالی تیان جن میں اے 320 خاندان کے طیارے کے لئے قائم ایئربس کی فائنل اسمبلی لائن کی فائل فوٹو۔ (شِںہوا)