تہران(شِنہوا) ایران اور گیمبیا کے درمیان تقریباً 14 سال کے بعد سفارتی تعلقات دوبارہ بحال ہوگئے۔ ایرانی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری مشترکہ بیان کے مطابق، یہ فیصلہ تہران میں قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری کنی اور گیمبیا کے وزیر خارجہ مامداؤ تنگارا کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کیا گیا،بیان کے مطابق سفارتی تعلقات کی بحالی دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔ گیمبیا کے وزیر خارجہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے تہران کے دورہ پر ہیں۔
بیان کے مطابق دونوں ممالک کی حکومتوں نے سیاسی، اقتصادی، سرمایہ کاری، تجارتی اور ثقافتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیاہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ سینیگال کے دارالحکومت ڈاکار میں دونوں ممالک کے سفارتخانے سفارتی تعلقات کی بحالی کے لیے سفارتی رابطہ پوائنٹس کے طور پر کام کریں گے۔