تہران (شِنہوا) ایران کے وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان میں ہفتے کے روز ہونے والے نامعلوم افراد کے مسلح حملے کی شدید مذمت کی جس میں نو پاکستانی جاں بحق اور تین دیگر زخمی ہوئے تھے۔
ایرانی وزارت خارجہ کی طرف سے شائع ہونے والے ایک بیان میں کنعانی نے متاثرہ خاندانوں اور پاکستانی حکومت سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔
ایرانی خبررساں ایجنسی مہر کے مطابق حملہ ہفتے کی صبح ساراوان کاؤنٹی میں تین مسلح افراد نے کیا۔
مہر کے مطابق ابھی تک کسی گروہ یا فرد نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
پاکستانی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ ایک ہولناک اور افسوس ناک واقعہ ہے اور ہم اس کی واضح مذمت کرتے ہیں۔ پاکستان ایرانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے اور اس نے واقعے کی فوری تحقیقات کرنے اور جرم میں ملوث افراد کا محاسبہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔