اقوام متحدہ (شِنہوا) اقوام متحدہ (یو این) نے جنوب مشرقی وسطی افریقی جمہوریہ (سی اے آر) میں ایک ہوائی اڈے پر حملے کی شدید مذمت کی ہے جس میں مراکش کا ایک امن فوجی ہلاک ہو گیا تھا۔
اوبو ہوائی اڈے پر اقوام متحدہ کے امن دستوں پر حملہ جمعرات کو اقوام متحدہ کی زیرقیادت ایک کارروائی کے دوران ہوا ۔ اس آپریشن کے ذریعے ہوائی اڈے کی حدود کو محفوظ بنایا جا رہا تھا تاکہ طیاروں کو اترنے کی اجازت دی جا سکے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گو تر یس نے اپنے ترجمان کے ذریعے جاری کردہ اپنے بیان میں حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔
انہوں نے ہلاک ہونے والے امن فوجی کے اہل خانہ اور مراکش کی بادشاہت اورعوام کے ساتھ اپنی گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قانون کے تحت اس طرح کے حملے جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں ۔ انہوں نے وسطی افریقی جمہوریہ کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سانحہ کے مرتکب افراد کی شناخت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے تاکہ انہیں جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
سلامتی کونسل نے ایک بیان جاری کیاجس میں اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے ۔ بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ اس قسم کے حملوں کی منصوبہ بندی، ہدایت یا معاونت میں ملوث پا ئے جا نے والے کسی بھی شخص پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔