• Sterling, United States
  • |
  • May, 14th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا سلامتی کونسل میں اصلاحات پر بحث میں نئی جان ڈالنے کا فیصلہتازترین

August 28, 2024

اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی(یو این جی اے) نے  ایک زبانی فیصلہ منظور کیا  ہے  جس کا مقصد سلامتی کونسل میں اصلاحات پر بحث میں  نئی روح پھونکنا ہے۔اس فیصلے کے ذریعے اسمبلی نے مساوی نمائندگی اور سلامتی کونسل کی رکنیت میں اضافے کے معاملے  پر اپنے مرکزی کردار کا اعادہ کیا اور مندوبین نے اس بات پر زور دیا کہ کونسل کی تشکیل اب موجودہ دور کے سیاسی منظر نامے کی عکاسی نہیں کرتی۔

سلامتی کونسل میں اصلاحات کے حوالے سے ہونے والی بات چیت میں نئی جان ڈالنے کے مقصد سے جنرل  اسمبلی نے اسمبلی کے غیر رسمی اجلاس میں اس معاملے پر بین الحکومتی مذاکرات فوری طور پر جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر رکن ممالک اتفاق کرتے ہیں تو سلامتی کونسل کے آنے والے 79 ویں اجلاس کے دوران مساوی نمائندگی اور رکنیت میں اضافے کے معاملے  پر اوپن اینڈڈ ورکنگ گروپ بلایا جائے گا اور اس موضوع کو 79 ویں اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کیا جائے گا۔

سیرالیون کے نمائندے نے افریقی گروپ کی طرف سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رکن ممالک کو اقوام متحدہ میں اصلاحات کے لئے ضروری سیاسی عزم کا مظاہرہ کرنا چاہئے تاکہ عالمی حکمرانی میں اس کے اہم کردار کو یقینی بنایا جاسکے اور انصاف اور عالمگیریت کے اصولوں پر مبنی عالمی نظام قائم کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل میں اصلاحات میں خاص طور پر مستقل اور غیر مستقل دونوں زمروں میں نشستوں کی تقسیم کے حوالے سے افریقہ کو ترجیح دینے، زیادہ جامع، جمہوری، شفاف، جائز اور موثر ادارہ تشکیل دینے کی کلید ہے۔

سری لنکا کے وفد نے تمام خطوں کی  متوازن  نمائندگی  اورکونسل میں مختلف مفادات کو شامل کرنے  کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

عرب گروپ کی جانب سے خطاب کرتے ہوئے بحرین کے مندوب نے کہا کہ زبانی فیصلے کی منظوری سے رکن ممالک مشترکہ بنیاد تلاش کرنے اور سلامتی کونسل میں حقیقی اصلاحات لانے کے لیے مشترکہ کارروائی جاری رہ سکے گی ،انہوں نے  کونسل میں مستقل عرب نشست  شامل کرنے  اور غیر مستقل ارکان میں خطے کی مساوی نمائندگی پر زور دیا۔