بیجنگ (شِنہوا) چینی کی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے کہا ہے کہ امریکہ فوری طور پر چین کے خلاف سائبر حملے اور چین کو بدنام کرنے کا سلسلہ بند کرے۔
چین کے نیشنل کمپیوٹر وائرس ایمرجنسی رسپانس سینٹر اور 360 ڈیجیٹل سیکیورٹی گروپ نے مشترکہ طور پر 15 اپریل کو "وولٹ ٹائیفون، امریکی انٹیلی جنس کمیونٹی کی طرف سے امریکی کانگریس اور ٹیکس دہندگان کے ساتھ ایک سازشی دھوکہ دہی ہدف مہم" کے عنوان سے ایک رپورٹ شائع کی۔
ترجمان لین نے یہ بات یومیہ پریس بریفنگ میں اس رپورٹ اور چینی حکومت پر وولٹ ٹائیفون کے سائبر حملوں کی حمایت کے بارے میں امریکی الزامات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہی۔
لین نے کہا کہ رپورٹ کے مطابق "وولٹ ٹائیفون" دراصل ایک رینسم ویئر سائبر کرمنل گروپ ہے جو خود کو "ڈارک پاور" کہتا ہے اور اسے کسی بھی ریاست یا خطے کی سرپرستی حاصل نہیں ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اس بات کے اشارے ملے ہیں کہ کانگریس سے زائد بجٹ اخراجات اور سرکاری معاہدوں کے حصول کے لئے امریکی انٹیلی جنس کمیونٹی اور سائبر سیکیورٹی کمپنیاں خفیہ طریقے سے جھوٹے ثبوت جمع کرنے اور امریکہ کے خلاف سائبر حملوں کے لئے چینی حکومت کی نام نہاد حمایت سے متعلق غلط معلومات پھیلانے میں تعاون کررہی ہیں۔
لین نے کہا کہ یہ کوئی راز نہیں ہے کہ امریکہ دنیا میں سائبر حملوں کا سب سے بڑا ذریعہ اور سائبر سیکورٹی کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔
ترجمان لین کے مطابق امریکہ میں کچھ لوگ سائبر حملوں کی اصلیت کا سراغ لگانے کی آڑ میں چین کو نشانہ بنانے اور اس پر شکنجہ کسنے کے لئے اسے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ دعویٰ کرتے ہیں کہ امریکہ ان حملوں کا شکار ہے جبکہ صورتحال اس کے برعکس ہے کیونکہ یہ سائبر سیکیورٹی امور کو سیاسی رنگ دیکر چین کے قانونی حقوق اور مفادات کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین امریکہ پر زور دیتا ہے کہ وہ چین کے خلاف سائبر حملے اور اسے بدنام کرنے کا طرزِ عمل فوری طور پر بند کرے۔